ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوگی ادتیہ ناتھ اور راجناتھ سنگھ کے ہاتھوں لکھنو میٹرو کے پہلے فیس کا افتتاح ؛ کل سے عام لوگ بھی کرسکیں گے میٹرو پر سفر

یوگی ادتیہ ناتھ اور راجناتھ سنگھ کے ہاتھوں لکھنو میٹرو کے پہلے فیس کا افتتاح ؛ کل سے عام لوگ بھی کرسکیں گے میٹرو پر سفر

Tue, 05 Sep 2017 13:33:06    S.O. News Service

لکھنو 5/ستمبر (ایس او نیوز) اُترپردیش کی راجدھانی لکھنو میں منگل کو میٹرو کی شروعات ہوگئی۔ وزریر اعلیٰ  یوگی ادیتہ ناتھ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور گورنر رام کوند  کی موجودگی میں میٹرو کو ہری جھنڈی دکھائی گئی. 6 ستمبر سے عام لوگ لکھنؤ میٹرو پر سفر کرسکیں گے۔

افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی یوگی نے کہا کہ وقت پر منصوبے کی تکمیل ہونا کافی بڑی بات ہے۔ انہوں نے  میٹرو کی شروعات مقررہ  عرصے میں  مکمل کرنے پر شریدھرن اور اُن کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی. انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اب میٹرو میں سفر کرنے کے لئے  انتظار نہیں کرنا پڑے گا، عوام  کل  بدھ سے ہی  میٹرو کا  فائدہ اُٹھاسکیں گے۔ 

یوگی نے کہا کہ ہماری حکومت ریاست کے کئی  شہروں میں میٹرو چلوانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے. اب الگ الگ میٹرو کارپوریشن کے تحت  کام کرنے کے بجائے ریاست کے ایک ہی  یوپی میٹرو کارپوریشن کے تحت کام کی شروعات کی جائے گی۔انہوں نے اس بات کی خواہش ظاہر کی کہ  شری دھرن جی  اُس کارپوریشن کے پرنسپل مشیر بنیں.

سروس 6 ستمبر سے عام لوگوں کے لئے شروع ہو گی.

عام لوگوں کے لئے میٹرو کی سروس کل  بدھ کی صبح سے  شروع ہوگی. لکھنؤ میٹرو  صبح 6 بجے شروع ہوگی اور رات  10 بجے تک سروس جاری رہے گی۔  چارباغ سے ٹرانسپورٹ نگر کا کرایہ  10 روپے سے لے کر 60 روپئے تک ہوگا. ہنگامی صورت حال میں، مسافر ٹاک بیک کے ذریعے ڈرائیور سے بات کرسکیں گے۔

اکھلیش یادو کا ڈریم پروجکٹ  لکھنؤ میٹرو

لکھنؤ میٹرو کئی وجوہات کی بناء پر چرچے میں ہے، ایک وجہ سیاسی ہے تو دوسری ملک کا سب سے شاندار میٹڑو ریل ہونا بھی ہے۔  سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے اس میٹرو ریل کو اپنے ڈریم پروجکٹ  میں رکھا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ میٹرو کے سنگ بنیاد سے لے کر میٹرو کے بننے تک کے ہر سفر میں وہ ساتھ رہے، لیکن جب وہ الیکشن ہار گئے تو اس کا افتتاح نہیں کر سکے. اب جب یوگی حکومت اس کا افتتاح کررہی ہے   تو اکھلیش  یادو میٹرو سے جُڑی  اپنی یادیں ٹوئٹر پر  تازہ کررہے ہیں. ساتھ ہی وہ عوام کو یہ یاد دلانے سے نہیں چوک رہے ہیں کہ یہ میٹرو کا خواب اُن کا تھا جسے انہوں نے پورا ضرور کیا، لیکن ہری جھنڈی نہیں دکھا سکے۔

اکھلیش  یادو نے ٹویٹ کی تصاویر

اکھلیش یادو کی جانب سے مسلسل کئی ایسی تصویریں  ٹویٹ کی گئیں اور ان کے حامیوں نے باقاعدہ "اکھلیش کی میٹرو"  کی مہم بھی چلائی تاکہ لوگوں تک یہ سیاسی میسج پہنچ جائے کہ جھنڈی بھلے کوئی بھی دکھائے، میٹرو کا کریڈیٹ تو اکھلیش کو ہی جائے گا.

لکھنؤ میٹرو کا دوسرا افتتاح!

اکھلیش یادو نے پیر کی شام  میٹرو کے اندر ملائم  سنگھ اور ڈیمپل یادو کے ساتھ بیٹھی ہوئی تصویر ٹویٹر پر شئیر کی، جس کو دیکھنے سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ  میٹرو ریل کا افتتاح ایک بار علامتی طور پر ہو چکا ہے.بتایا گیا ہے کہ  لکھنؤ میٹرو ریل کارپوریشن نے اکھلیش یادو کو بھی افتتاحی تقریب میں  مدعو کیا تھا، لیکن بعض وجوہات کی بناء پر  اکھلیش یادو اُس تقریب میں شریک نہیں ہوسکے۔

اکھلیش  یادو کے حامیوں نے تمام 8 میٹرو اسٹیشنوں پر اکھلیش کے پوسٹر کے ساتھ ایک علامتی افتتاح کرنے  کی بھی کوشش کی. ہر میٹرو اسٹیشن کے باہر سینکڑوں کی تعداد میں سماج  وادی پارٹی کےارکان   جمع ہوئے اور ان لوگوں نے ڈھول اور باجہ بجاتے ہوئے مٹھائیاں بانٹ کر اور غبارے اُڑا کر سیاسی  طور پر میٹرو کا استقبال کیا۔


Share: